اب ایک درد بھی دل میں نظر نہیں آتا
اب ایک درد بھی دل میں نظر نہیں آتا
کسی کے کام کوئی عمر بھر نہیں آتا
یہ دل بھی دوست فراموش کم نہیں تجھ سے
کہ مدتوں نہیں آتا جدھر نہیں آتا
نہ سوئیں دن کو وہ راتوں کو جاگتے ہیں ضرور
نہیں تو آنکھ میں اتنا اثر نہیں آتا
انہیں کی بات ہیں جو میں نے یاد کر لی ہیں
مگر وہ ان کی زباں کا اثر نہیں آتا
مراقبے میں ہے کیا کیا مشاہدہ اے شیخ
بغیر اس کے نظر میں اثر نہیں آتا
عدم کے نام سے ہر ایک کیوں رہے بشاش
ہر ایک شخص کو لطف سفر نہیں آتا
علاج اور مرض میں نہ تھی کوئی نسبت
ہمارے سامنے اب چارہ گر نہیں آتا
گھٹی ہی جاتی ہیں ہر روز قوتیں دل کی
میں اس کے صدقے جو ارمان بر نہیں آتا
دعا کے ڈھنگ ہی احباب کو نہیں آتے
غلط ہے یہ کہ دعا میں اثر نہیں آتا
وہ درد مول کہ ہو رات دن کی نیند حرام
تو دیکھ آہ میں کیسا اثر نہیں آتا
اسی نے کہہ دیا اچھا ہوا کہ وہ کیا ہے
مری سمجھ میں تو یہ عمر بھر نہیں آتا
صفیؔ کو شاعری آتی ہے وہ بھی کچھ یوں ہی
اسے بس اور تو کوئی ہنر نہیں آتا
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |