Jump to content

اس بات کا ملال نہیں ہے کہ دل گیا

From Wikisource
اس بات کا ملال نہیں ہے کہ دل گیا
by مضطر خیرآبادی
308571اس بات کا ملال نہیں ہے کہ دل گیامضطر خیرآبادی

اس بات کا ملال نہیں ہے کہ دل گیا
میں اس کو دیکھتا ہوں جو بدلے میں مل گیا

جو حسن تو نے شکل کو بخشا وہ بول اٹھا
جو رنگ تو نے پھول میں ڈالا وہ کھل گیا

ناکامیٔ وفا کا نمونہ ہے زندگی
کوچے میں تیرے جو کوئی آیا خجل گیا

قسمت کے پھوڑنے کو کوئی اور در نہ تھا
قاصد مکان غیر کے کیوں متصل گیا

مجھ کو مٹا کے کون سا ارماں ترا مٹا
مجھ کو ملا کے خاک میں کیا خاک مل گیا

مضطرؔ میں ان کے عشق میں بے موت مر گیا
اب کیا بتاؤں جان گئی ہے کہ دل گیا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.