Jump to content

جو دیکھو مرے شعر تر کی طرف

From Wikisource
جو دیکھو مرے شعر تر کی طرف
by میر تقی میر
315363جو دیکھو مرے شعر تر کی طرفمیر تقی میر

جو دیکھو مرے شعر تر کی طرف
تو مائل نہ ہو پھر گہر کی طرف

کوئی داد دل آہ کس سے کرے
ہر اک ہے سو اس فتنہ گر کی طرف

محبت نے شاید کہ دی دل کو آگ
دھواں سا ہے کچھ اس نگر کی طرف

لگیں ہیں ہزاروں ہی آنکھیں ادھر
اک آشوب ہے اس کے گھر کی طرف

بہت رنگ ملتا ہے دیکھو کبھو
ہماری طرف سے سحر کی طرف

بہ خود کس کو اس تاب رخ نے رکھا
کرے کون شمس و قمر کی طرف

نہ سمجھا گیا ابر کیا دیکھ کر
ہوا تھا مری چشم تر کی طرف

ٹپکتا ہے پلکوں سے خوں متصل
نہیں دیکھتے ہم جگر کی طرف

مناسب نہیں حال عاشق سے صبر
رکھے ہے یہ دارو ضرر کی طرف

کسے منزل دل کش دہر میں
نہیں میل خاطر سفر کی طرف

رگ جاں کب آتی ہے آنکھوں میں میرؔ
گئے ہیں مزاج اس کمر کی طرف


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.