جو میرے تنگنائے دل میں تجھ کو جلوہ گر دیکھا
Appearance
جو میرے تنگنائے دل میں تجھ کو جلوہ گر دیکھا
مری نظروں نے حیرت سے مجھی کو عمر بھر دیکھا
تصور کی حدوں میں بھی سمانا جن کا مشکل تھا
نظر والوں نے ان جلووں کو تا حد نظر دیکھا
سب اپنے دل میں اک تیر نظر محسوس کرتے ہیں
مگر کوئی بتا سکتا نہیں اس نے کدھر دیکھا
تعین بر طرف مقصود مجھ کو سجدہ کرنا تھا
نہ ہم نے رہ گزر دیکھی نہ ہم نے سنگ در دیکھا
نظر آتا نہ تھا جو گرد افکار و حوادث میں
وہ ساحل آنکھ نے طوفان غم میں ڈوب کر دیکھا
تمہارے سنگ در کو سنگ در میں کس طرح سمجھوں
کہ جب سجدہ کیا سر کو جبین عرش پر دیکھا
عجب منزل تھی اے سیمابؔ اپنی منزل ہستی
نہ موقع تھا ٹھہرنے کا نہ یارائے سفر دیکھا
This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator. |