Jump to content

جو یوں آپ بیرون در جائیں گے

From Wikisource
جو یوں آپ بیرون در جائیں گے
by غلام یحییٰ حضورعظیم آبادی
312229جو یوں آپ بیرون در جائیں گےغلام یحییٰ حضورعظیم آبادی

جو یوں آپ بیرون در جائیں گے
خدا جانے کس کس کے گھر جائیں گے

شب ہجر میں ایک دن دیکھنا
اگر زندگی ہے تو مر جائیں گے

عبث گھر سے اپنے نکالے ہے تو
بھلا ہم تجھے چھوڑ کر جائیں گے

مسافر ہیں لیکن نہیں جانتے
کہاں سے ہم آئے کدھر جائیں گے

تمنا میں بوسہ کی کہتا ہے جی
بدن سے نکل بھی اگر جائیں گے

تو ہے ایک دم اور ہزاروں امید
لبوں پہ کوئی دم ٹھہر جائیں گے

بہ حرمت نبھی اب تلک جس طرح
حضور اتنے دن بھی گزر جائیں گے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.