Jump to content

جگ میں کوئی نہ ٹک ہنسا ہوگا

From Wikisource
جگ میں کوئی نہ ٹک ہنسا ہوگا
by خواجہ میر درد
293792جگ میں کوئی نہ ٹک ہنسا ہوگاخواجہ میر درد

جگ میں کوئی نہ ٹک ہنسا ہوگا
کہ نہ ہنستے میں رو دیا ہوگا

ان نے قصداً بھی میرے نالے کو
نہ سنا ہوگا گر سنا ہوگا

دیکھیے اب کے غم سے جی میرا
نہ بچے گا بچے گا کیا ہوگا

دل زمانے کے ہاتھ سے سالم
کوئی ہوگا جو رہ گیا ہوگا

حال مجھ غم زدہ کا جس تس نے
جب سنا ہوگا رو دیا ہوگا

دل کے پھر زخم تازہ ہوتے ہیں
کہیں غنچہ کوئی کھلا ہوگا

یک بہ یک نام لے اٹھا میرا
جی میں کیا اس کے آ گیا ہوگا

میرے نالوں پہ کوئی دنیا میں
بن کیے آہ کم رہا ہوگا

لیکن اس کو اثر خدا جانے
نہ ہوا ہوگا یا ہوا ہوگا

قتل سے میرے وہ جو باز رہا
کسی بد خواہ نے کہا ہوگا

دل بھی اے دردؔ قطرۂ خوں تھا
آنسوؤں میں کہیں گرا ہوگا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.