Jump to content

جی سے مجھے چاہ ہے کسی کی

From Wikisource
جی سے مجھے چاہ ہے کسی کی
by غلام علی ہمدانی مصحفی
316239جی سے مجھے چاہ ہے کسی کیغلام علی ہمدانی مصحفی

جی سے مجھے چاہ ہے کسی کی
کیا جانے کوئی کسی کی جی کی

شاہد رہیو تو اے شب ہجر
جھپکی نہیں آنکھ مصحفیؔ کی

رونے پہ مرے جو تم ہنسو ہو
یہ کون سی بات ہے ہنسی کی

جوں جوں کہ بناؤ پر وہ آیا
دونی ہوئی چاہ آرسی کی

گو اب وہ جواں نہیں پہ ہم سے
لت جائے ہے کوئی عاشقی کی

چاہے تو شفق کو پھونک دیوے
سرخی ترے رنگ آتشی کی

میں وادیٔ عشق میں جو آیا
مجنوں نے مری نہ ہم سری کی

کھاتے نہیں اب ترے نصیری
سوگند بھی مرتضیٰ علی کی

کیا ریختہ کم ہے مصحفیؔ کا
بو آتی ہے اس میں فارسی کی


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.