خیال ناوک مژگاں میں بس ہم سر پٹکتے ہیں
Appearance
خیال ناوک مژگاں میں بس ہم سر پٹکتے ہیں
ہمارے دل میں مدت سے یہ خار غم کھٹکتے ہیں
رخ روشن پہ اس کی گیسوئے شب گوں لٹکتے ہیں
قیامت ہے مسافر راستہ دن کو بھٹکتے ہیں
فغاں کرتی ہے بلبل یاد میں گر گل کے اے گلچیں
صدا اک آہ کی آتی ہے جب غنچے چٹکتے ہیں
رہا کرتا نہیں صیاد ہم کو موسم گل میں
قفس میں دم جو گھبراتا ہے سر دے دے پٹکتے ہیں
اڑا دوں گا رساؔ میں دھجیاں دامان صحرا کی
عبث خار بیاباں میرے دامن سے اٹکتے ہیں
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |