داروئے درد نہاں راحت جانی صنما
Appearance
داروئے درد نہاں راحت جانی صنما
عیسیٰٔ مردہ دلاں یوسف ثانی صنما
تیرے صدقے مری جاں تجھ پہ مرا دل قرباں
وارث کون و مکاں فخر زمانی صنما
تیرا ہر جلوہ ہے آئینۂ اسرار ازل
تیری صورت میں ہیں انوار معانی صنما
دل کے داغوں کو کلیجے سے لگا رکھا ہے
کہ یہی داغ تو ہیں تیری نشانی صنما
تو ہی جب قصۂ غم سے مرے گھبراتا ہے
پھر سنے کون مرے غم کی کہانی صنما
تا کجا اشک بجھائیں گے مرے دل کی لگی
پھونکے دیتا ہے مجھے سوز نہانی صنما
وقف سجدہ ہے ترے در پہ جبین بیدمؔ
قبلۂ دل صنما کعبۂ جانی صنما
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |