دل آتش ہجراں سے جلانا نہیں اچھا
Appearance
دل آتش ہجراں سے جلانا نہیں اچھا
اے شعلہ رخو آگ لگانا نہیں اچھا
کس گل کے تصور میں ہے اے لالہ جگر خوں
یہ داغ کلیجے پہ اٹھانا نہیں اچھا
آیا ہے عیادت کو مسیحا سر بالیں
اے مرگ ٹھہر جا ابھی آنا نہیں اچھا
سونے دے شب وصل غریباں ہے ابھی سے
اے مرغ سحر شور مچانا نہیں اچھا
تم جاتے ہو کیا جان مری جاتی ہے صاحب
اے جان جہاں آپ کا جانا نہیں اچھا
آ جا شب فرقت میں قسم تم کو خدا کی
اے موت بس اب دیر لگانا نہیں اچھا
پہنچا دے صبا کوچۂ جاناں میں پس مرگ
جنگل میں مری خاک اڑانا نہیں اچھا
آ جائے نہ دل آپ کا بھی اور کسی پر
دیکھو مری جاں آنکھ لڑانا نہیں اچھا
کر دوں گا ابھی حشر بپا دیکھیو جلاد
دھبا یہ مرے خوں کا چھڑانا نہیں اچھا
اے فاختہ اس سرو سہی قد کا ہوں شیدا
کو کو کی صدا مجھ کو سنانا نہیں اچھا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |