دل دار دل اس طرح بہم آئے نظر میں
Appearance
دل دار دل اس طرح بہم آئے نظر میں
جس طرح گہر آب میں اور آب گہر میں
اک بار بھی دیکھا نہ اسے پاس سے جا کر
آیا ہی نظر وہ تو کہیں راہ گزر میں
ہر چند کہ ہے شام و سحر وہ ہی پر اس بن
وہ لطف نہ اب شام میں ہے اور نہ سحر میں
قسمت سے مدد چاہتا ہوں اتنی کہ ہر وقت
مانند صبا ساتھ رہوں اس کے سفر میں
اک بار تو نالے کی ہو رخصت ہمیں صیاد
پنہاں رکھیں ہم کب تئیں فریاد جگر میں
ہوش و خرد و صبر و تواں اٹھ چلے اک ایک
جاتے ہی ترے چال پڑی دل کے نگر میں
کیدھر کو نکل جاویں حسنؔ کیا کریں ہم آہ
باہر ہی یہ دل اپنا نہ لگتا ہے نہ گھر میں
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |