Jump to content

دل مہجور کو تسکین کا ساماں نہ ملا

From Wikisource
دل مہجور کو تسکین کا ساماں نہ ملا
by اختر شیرانی
304992دل مہجور کو تسکین کا ساماں نہ ملااختر شیرانی

دل مہجور کو تسکین کا ساماں نہ ملا
شہر جاناں میں ہمیں مسکن جاناں نہ ملا

کوچہ گردی میں کٹیں شوق کی کتنی راتیں
پھر بھی اس شمع تمنا کا شبستاں نہ ملا

پوچھتے منزل سلمیٰ کی خبر ہم جس سے
وادیٔ نجد میں ایسا کوئی انساں نہ ملا

یوں تو ہر راہ گزر پر تھے ستارے رقصاں
جس کی حسرت تھی مگر وہ مہ تاباں نہ ملا

لالہ و گل تھے بہت عام چمن میں لیکن
ڈھونڈتے تھے جسے وہ سرو خراماں نہ ملا

جس کے پردوں سے مچلتی ہو وہی نکہت شوق
بے خودی کی قسم ایسا کوئی ایواں نہ ملا

بخت بیدار کہاں جلوۂ دل دار کہاں
خواب میں بھی ہمیں وہ غنچۂ خنداں نہ ملا

بیکسی تشنہ لبی درد حلاوت طلبی
چاندنی رات میں بھی چشمۂ حیواں نہ ملا

یوں تو ہر در پہ ہی کہتے نظر آئے دامن
کھینچتے ناز سے جس کو وہی داماں نہ ملا

کس کے در پر نہ کیے سجدے نگاہوں نے مگر
ہائے تقدیر وہ غارت گر ایماں نہ ملا

کون سے بام کو رہ رہ کے نہ دیکھا لیکن
نگہ شوق کو وہ ماہ خراماں نہ ملا

در جاناں پہ فدا کرتے دل و جاں اخترؔ
وائے بر‌‌ حال‌ دل و جاں در جاناں نہ ملا


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.