سامنے اس صف مژگاں کہ میں کل جاؤں گا
Appearance
سامنے اس صف مژگاں کہ میں کل جاؤں گا
چھد تُو جاؤں گا پر آگے سے نہ ٹل جاؤں گا
تیغ اس ابرو کی جب معرکہ آرا ہوگی
اپنی جاں بازی کہ گوہر میں اگل جاؤں گا
ہے کف پا وُہ مصفا کے جسے دھیان میں لا
پائے نظارہ یہ کہتا ہے پھسل جاؤں گا
مُجھ کو دیتے ہو عبث خانۂ زنجیر میں جا
جوں صدا میں ابھی اس گھر سے نکل جاؤں گا
آپ سے چاہوں تُو اٹھ جاؤں گا اس بزم سے میں
اُور اِک ہوں بھی کرو گے تو مچل جاؤں گا
گرچہ ہوں بے حرکت ضعف سے جوں آتش سنگ
پر جُو چھیڑا تُو شرر ساں میں اچھل جاؤں گا
موم ہوں میں تُو بتاں مُجھ کو نہ سمجھو آہن
ٹک بھی تم گرم ہوئے تُو میں پگھل جاؤں گا
غصہ ہو کر تم اگر لاکھ طرح بدلو رنگ
میں وُہ یک رنگ نہیں ہوں جُو بدل جاؤں گا
بیکلی آج بھی واں لے گئی مُجھ کو تُو نظیرؔ
میں نے ہر چند یہ چاہا تھا کے کل جاؤں گا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |