Jump to content

سری کرشن

From Wikisource
330989سری کرشنسیماب اکبرآبادی

ہوا طلوع ستاروں کی دل کشی لے کر
سرور آنکھ میں نظروں میں زندگی لے کر
خودی کے ہوش اڑانے بصد نیاز آیا
نئے پیالوں میں صہبائے بے خودی لے کر
فضائے دہر میں گاتا پھرا وہ پریت کے گیت
نشاط خیز و سکوں ریز بانسری لے کر
جہان قلب سراپا گداز بن ہی گیا
ہر ایک ذرہ محبت کا ساز بن ہی گیا

جمال و حسن کے کافر نکھار سے کھیلا
ریاض عشق کی رنگیں بہار سے کھیلا
پیمبروں کی کبھی رسم کی ادا اس نے
گوالا بن کے کبھی سبزہ زار سے کھیلا
بہا دئے کبھی ٹھوکر سے پریم کے چشمے
کبھی جمن کبھی گنگا کی دھار سے کھیلا
ہنسی ہنسی میں وہ دکھ درد جھیلتا ہی رہا
کرشمہ باز زمانے سے کھیلتا ہی رہا

کیا زمانے کو معمور اپنے نغموں سے
سکھائے عشق کے دستور اپنے نغموں سے
صداقت اور محبت کی اس نے دی تعلیم
اندھیریوں میں بھرا نور اپنے نغموں سے
لطافتوں سے کیا ارض ہند کو لبریز
کثافتوں کو کیا دور اپنے نغموں سے
فلک کو یاد ہیں اس عہد پاک کی باتیں
وہ بانسری وہ محبت کی سانولی راتیں

دلوں میں رنگ محبت کو استوار کیا
سواد ہند کو گیتا سے نغمہ بار کیا
جو راز کوشش نطق و زباں سے کھل نہ سکا
وہ راز اپنی نگاہوں سے آشکار کیا
اداسیوں کو نئی زندگی عطا کر دی
ہر ایک ذرے کو دل دے کے بے قرار کیا
جو مشرب اس کا نہ اس طرح عام ہو جاتا
جہاں سے محو محبت کا نام ہو جاتا


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.