شب فراق میں میں نالہ و فغاں کرتا
شب فراق میں میں نالہ و فغاں کرتا
تو سن کے سارا جہاں شور الاماں کرتا
جہاں میں کس لئے میں الفت بتاں کرتا
دو روزہ عمر کو کیوں اپنی رائیگاں کرتا
میں آپ اپنے کو کرتا زمین کا پیوند
جو یاد صحبت یاران رفتگاں کرتا
کنشت و دیر و حرم میں نہ دیکھا جلوہ ترا
تجھے تلاش مری جان پھر کہاں کرتا
ضرور آنکھ میں ان کے بھی اشک بھر آتے
جو ان سے صدمۂ فرقت کو میں بیاں کرتا
جو ہوتا دشت جنوں میں کبھی گزر میرا
ضرور دامن صحرا بھی دھجیاں کرتا
جھپکتی خنجر خونخوار سے نہ آنکھ مری
ہزار مرتبہ قاتل جو امتحاں کرتا
وہ سخت جاں تھا کہ آری اسے بنا دیتا
گلے پہ میری جو خنجر کوئی رواں کرتا
بتوں کے ہجر میں جلتا جو برہمن کا دل
تو شور صورت ناقوس ہر زباں کرتا
کبھی نہ ناقۂ لیلیٰ کو تیز لے جاتا
خیال قیس حزیں کچھ جو سارباں کرتا
اجاڑ دیکھ کے گلشن کو خوب روتا میں
گزر خزاں میں اگر سوئے بوستاں کرتا
جو پھول توڑتا شاخوں سے موسم گل میں
ستم یہ بلبل محزوں پہ باغباں کرتا
بتان دیر سے کرتا اگر محبت میں
تمام عمر کے اعمال رائیگاں کرتا
ہمارے قتل کو قاتل نہ کھینچتا خنجر
دکھا کے ابروئے خم دار نیم جاں کرتا
پھنسا کے دام میں صیاد مجھ سے بلبل کو
اجاڑ باغ میں پھر میرا آشیاں کرتا
بہار آتے ہی پیر مغان دریا دل
ضرور دختر رز نذر مے کشاں کرتا
تمام عمر گنوائی گناہ کرنے میں
خدا سے خاک وفاؔ خواہش جناں کرتا
This work was published before January 1, 1929 and is anonymous or pseudonymous due to unknown authorship. It is in the public domain in the United States as well as countries and areas where the copyright terms of anonymous or pseudonymous works are 100 years or less since publication. |