عمر آخر ہے جنوں کر لوں بہاراں پھر کہاں
Appearance
عمر آخر ہے جنوں کر لوں بہاراں پھر کہاں
ہاتھ مت پکڑو مرا یارو گریباں پھر کہاں
چشم تر پر گر نہیں کرتا ہوا پر رحم کر
دے لے ساقی ہم کو مے یہ ابر باراں پھر کہاں
یار جب پہنے جواہر کر دے اے دل جی نثار
جل چک اے پروانے یہ رنگیں چراغاں پھر کہاں
اس طرح صیاد کب آزاد چھوڑے گا تمہیں
بلبلو دھومیں مچا لو یہ گلستاں پھر کہاں
ہے بہشتوں میں یقیںؔ سب کچھ ولیکن درد نئیں
بھر کے دل رو لیجئے یہ چشم گریاں پھر کہاں
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |