لے دیدۂ تر جدھر گئے ہم
Appearance
لے دیدۂ تر جدھر گئے ہم
ڈبرے جو تھے خشک بھر گئے ہم
تجھ عشق میں روز خوش نہ دیکھا
دکھ بھرتے ہی بھرتے مر گئے ہم
تیرا جو ستم ہے اس کی تو جان
اپنی تھی سو خوب کر گئے ہم
یہ قطعہ پڑھے تھا سوز دل سے
سودا کے جو رات گھر گئے ہم
جوں شمع لبوں پر آ رہا جی
تن تھا سو گداز کر گئے ہم
اتنی بھی پتنگ پیش قدمی!
گر شام نہیں سحر گئے ہم
ہوگی نہ کسی کو یہ خبر بھی
اس مجلس سے کدھر گئے ہم
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |