Jump to content

لے کے خود پیر مغاں ہاتھ میں مینا آیا

From Wikisource
لے کے خود پیر مغاں ہاتھ میں مینا آیا
by شاد عظیم آبادی
317707لے کے خود پیر مغاں ہاتھ میں مینا آیاشاد عظیم آبادی

لے کے خود پیر مغاں ہاتھ میں مینا آیا
مے کشو شرم کہ اس پر بھی نہ پینا آیا

نہ پلانا کسی مے کش کو نہ پینا آیا
تجھ کو زاہد اگر آیا بھی تو کینہ آیا

عمر بھر خون جگر بیٹھ کے پینا آیا
آرزوؤ تمہیں مرنا ہمیں جینا آیا

دل نے دیکھا مجھے اور میں نے فلک کو دیکھا
بچ کے ساحل پہ اگر کوئی سفینا آیا

کسی بدمست کی یاد آ گئیں آنکھیں ساقی
جب چھلکتا ہوا آگے مرے مینا آیا

اک ذرا سی تھی کبھی کی خلش اس پر اے حشر
دل میں لیتا ہوا زاہد وہی کینہ آیا

لڑکھڑانا کوئی سیکھا کوئی سیکھا مستی
ہم کو آیا تو فقط ڈھال کے پینا آیا

خوش ہو اے چشم کہ ہے فصل یہی رونے کی
مژدہ اے ابر کہ ساون کا مہینہ آیا

پی ہی لینی تھی جو مے خانے کو آ نکلا تھا
تجھ کو صحبت کا بھی زاہد نہ قرینا آیا

چاہا جو کچھ وہ زمانے نے کیا نقش اس پر
میں تو سادہ لیے اس دل کا نگینہ آیا

آج تک دامن گل چاک ہے خیاط ازل
تجھ کو خلعت بھی حسینوں کا نہ سینا آیا

دیکھ چاروں طرف اپنے کہ تماشا کیا ہے
لے کے اس بزم میں تو دیدۂ بینا آیا

منہ پہ عاشق کے محبت کی شکایت ناصح
بات کرنے کا بھی ناداں نہ قرینا آیا

کس طرح ملتے ہیں بچھڑوں سے دکھا دیں گے کبھی
دل میں وہ تیر اگر چیر کے سینا آیا

ڈھال کر دیتے ہیں کس کو کسے بے ڈھالے ہوئے
میرے ساقی کو تو یہ بھی نہ قرینا آیا

زندگی کرتے ہیں کس طرح یہ سیکھو اس وقت
شادؔ کیا نفع اگر مرنے پہ جینا آیا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.