Jump to content

مجھ سے افسردہ نہ اے جوش بہاراں ہونا

From Wikisource
مجھ سے افسردہ نہ اے جوش بہاراں ہونا
by ناطق لکھنوی
318237مجھ سے افسردہ نہ اے جوش بہاراں ہوناناطق لکھنوی

مجھ سے افسردہ نہ اے جوش بہاراں ہونا
کیف میں بھول گیا چاک گریباں ہونا

جب بکھر جاتی ہے زلف اور نکھر جاتی ہے
مجھ کو جمعیت خاطر ہے پریشاں ہونا

ذرہ ذرہ ہے تجلی سے لڑائے ہوئے آنکھ
کس قیامت کی نمائش ہے یہ پنہاں ہونا

دور ہیں تجھ سے ابھی نور کے ذرے ہر سو
اے مری خاک ذرا اور پریشاں ہونا

حسرت دید نے آئینہ بنایا دل کو
عین نظارہ ہے نظارہ کا ارماں ہونا

حسن ہر شے کو دیا عشق ملا ہر دل کو
تاکہ آسان ہو انسان کا انساں ہونا

خوب ہوتا ہے نمایاں سخن ناطقؔ سے
مثل معنی ترا ہر لفظ میں پنہاں ہونا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.