Jump to content

نہ انگیا نہ کرتی ہے جانی تمہاری

From Wikisource
نہ انگیا نہ کرتی ہے جانی تمہاری
by رند لکھنوی
316657نہ انگیا نہ کرتی ہے جانی تمہاریرند لکھنوی

نہ انگیا نہ کرتی ہے جانی تمہاری
نہیں پاس کوئی نشانی تمہاری

ہوئی رندؔ تو زندگانی تمہاری
یہی ہے اگر ناتوانی تمہاری

زیادہ ہوئی یاد جانی تمہاری
غرض قہر ہے مہربانی تمہاری

نہ بھولوں گا ہرگز نہ بھولا ہوں اب تک
عنایت کرم مہربانی تمہاری

شبیہ آپ کی کھینچ دے گا یہ مانا
ادا کس طرح کھینچے مانی تمہاری

تباہ و خراب اک جہاں کو کیا ہے
خدا کا غضب ہے جوانی تمہاری

وہی کہہ رہا ہوں جو فرماتے ہو تم
مری گفتگو ہے زبانی تمہاری

برابر سمجھتے ہو غیروں کے مجھ کو
رہے مہرباں قدردانی تمہاری

دل و دیدہ لپکا ہے پھنسنے کا تم کو
کہاں تک کروں پاسبانی تمہاری

بس اب شکل دکھلاؤ بے جا ہے غمزہ
بہت سن چکے لن ترانی تمہاری

عدم کو چلا لے کے داغ محبت
دکھاؤں گا سب کو نشانی تمہاری

کیا امتحاں میرا سو معرکوں میں
وہی ہے مگر بد گمانی تمہاری

جگا کر دل زار نے ہجر کی شب
سحر تک کہی ہے کہانی تمہاری

برا گر نہ مانو تو سچ سچ میں کہہ دوں
تم اچھے بری بد زبانی تمہاری

کرم کیجیے آئیے حضرت عشق
ہے خون جگر میہمانی تمہاری

عبث بے سبب بے جہت روٹھتے ہو
یہی تو بری خو ہے جانی تمہاری

بھلا تم ہی منصف ہو للہ بولو
وہ کیا بات تھی جو نہ مانی تمہاری

وہ پیری میں بھی رندؔ دیکھے اب آ کر
جسے یاد ہووے جوانی تمہاری


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.