Jump to content

چلتی رہی اس کوچے میں تلوار ہمیشہ

From Wikisource
چلتی رہی اس کوچے میں تلوار ہمیشہ
by رند لکھنوی
316650چلتی رہی اس کوچے میں تلوار ہمیشہرند لکھنوی

چلتی رہی اس کوچے میں تلوار ہمیشہ
لاشے ہی نکلتے رہے دو چار ہمیشہ

گل کھلتے رہیں چہچہے کرتا رہے بلبل
یارب رہے آباد یہ گل زار ہمیشہ

ہم رند ہوئے شاہد مقصود سے واصل
جھگڑے میں رہے کافر و دیں دار ہمیشہ

یاں تخم تمنا سے اگا کرتا ہے لالہ
گل کھاتے ہیں ہر فصل میں دو چار ہمیشہ

تڑپا کریں کوچے میں ترے سیکڑوں کشتے
رنگیں رہے خوں سے تری تلوار ہمیشہ

دیوانے ہیں مائل ہوں اگر حور و پری کے
جو دیکھ رہے ہوں ترا دیدار ہمیشہ

مجھ تشنۂ دیدار کو کس روز چھکایا
پیاسا ہی رہا خوں کا وہ خونخوار ہمیشہ

مشتاقوں نے تیرے نہ لیا کوڑیوں کے مول
بکتا رہا یوسف سر بازار ہمیشہ

ہے زلف مسلسل تری یا دام بلا ہے
ہو رہتے ہیں دو چار گرفتار ہمیشہ

کیوں کر تو مسیحا ہوا مشہور جہاں میں
مرتے ہیں ترے ہاتھ سے بیمار ہمیشہ

ہنگامے نئے روز ہوا کرتے ہیں برپا
فتنے ہی اٹھاتی ہے وہ رفتار ہمیشہ

اے رندؔ جنوں میں بھی نہ صحرا کو گئے ہم
کھایا کئے پتھر سر بازار ہمیشہ


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.