کروں شکوہ نہ کیوں چرخ کہن سے
Appearance
کروں شکوہ نہ کیوں چرخ کہن سے
کہ فرقت ڈالی تجھ سے گل بدن سے
تری فرقت کا یہ صدمہ پڑا یار
زباں ناآشنا ہو گئی سخن سے
دم تکفین بھی گر یار آوے
تو نکلیں ہاتھ باہر یہ کفن سے
کھلا ہے تختۂ لالہ جگر میں
ہمیں کیا کام اب سیر چمن سے
نہ پہنچا گوش تک اک تیرے ہیہات
ہزاروں نالہ نکلا اس دہن سے
دماغ جاں میں ہے یہ بوئے کاکل
کہ نفرت ہو گئی مشک ختن سے
جگر پر لاکھ تیشے غم کے نت ہیں
رہی نسبت ہمیں کیا کوہ کن سے
سرورؔ آتا ہے جب وہ یاد دلبر
تو جاں بس میری ہو جاتی ہے سن سے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |