کہا یہ آج ہمیں فہم نے سنو صاحب
Appearance
کہا یہ آج ہمیں فہم نے سنو صاحب
یہ باغ دہر غنیمت ہے دیکھ لو صاحب
جو رنگ و بو کے اٹھانے میں حظ اٹھا لیجے
مبادا پھر کف افسوس کو ملو صاحب
یہ وہ چمن ہے نہیں ایک سے نہیں جس میں
تبدل اس کا ہر اک گل سے سوچ لو صاحب
کہ تھا جو صبح شگفتہ نہ تھا وہ شام کے وقت
جو شام تھا سو نہ دیکھا وہ صبح کو صاحب
پس اس مثال سے ظاہر ہے یہ سخن یعنی
اسی طریق سے عالم میں تم بھی ہو صاحب
جو سر نوشت ہے ہوگا اسی طرح سے نظیرؔ
قضا قضا نہیں ہونے کی کچھ کرو صاحب
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |