Jump to content

گنوا کے دل سا گہر درد سر خرید لیا

From Wikisource
گنوا کے دل سا گہر درد سر خرید لیا
by آرزو لکھنوی
318273گنوا کے دل سا گہر درد سر خرید لیاآرزو لکھنوی

گنوا کے دل سا گہر درد سر خرید لیا
بہت گراں تھا یہ سودا مگر خرید لیا

امین عشق نے دل بے خطر خرید لیا
یہ آئنہ مع آئینہ گر خرید لیا

غضب تھا عشق کا سودا کہ اہل ہوش نے بھی
جو کچھ نصیب تھا سب بیچ کر خرید لیا

بھلا ہو غم کی تنک ظرفیٔ طبیعت کا
اگرچہ بات گنوا دی اثر خرید لیا

رہ رضا میں ہے خونی کفن سے شان شہید
تو جان بیچ کے رخت سفر خرید لیا

جو دل کہے نہ کہوں وہ جو تو کہے وہ کہوں
تو کیا ضمیر بھی اے حیلہ گر خرید لیا

تلاش عیش میں اے آرزوؔ ہے رنج ہی رنج
ستم نصیب یہ کیا درد سر خرید لیا


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.