Jump to content

گوہر اشک سے لبریز ہے سارا دامن

From Wikisource
گوہر اشک سے لبریز ہے سارا دامن
by خواجہ محمد وزیر
316486گوہر اشک سے لبریز ہے سارا دامنخواجہ محمد وزیر

گوہر اشک سے لبریز ہے سارا دامن
آج کل دامن دولت ہے ہمارا دامن

اے جنوں باد بہاری سے نہیں جنبش میں
کچھ گریبان سے کرتا ہے اشارا دامن

وصل کی رات ہے بگڑو نہ برابر تو رہے
پھٹ گیا میرا گریبان تمہارا دامن

جامہ چین نے نہیں یہ پھول چنے نرگس کے
سیکڑوں آنکھوں سے کرتا ہے نظارا دامن

بہت اے دست جنوں تنگ نظر آتا ہے
باندھ دے دامن صحرا سے ہمارا دامن

خوب پہونچا دیا اے دست جنوں ہاتھوں ہاتھ
مل گیا آج گریبان سے سارا دامن

آمد آمد مرے اشکوں کی مگر سن لی ہے
جھاڑ کر گرد جو صحرا نے سنوارا دامن


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.