Jump to content

ہجر کی آگ میں عذاب میں نہ دے

From Wikisource
ہجر کی آگ میں عذاب میں نہ دے
by سراج اورنگ آبادی
294488ہجر کی آگ میں عذاب میں نہ دےسراج اورنگ آبادی

ہجر کی آگ میں عذاب میں نہ دے
مثل سیماب اضطراب نہ دے

صندلی حسن ہے ترا درکار
درد سر کوں مرے گلاب نہ دے

بس ترا دور چشم اے ساقی
ہوش کھونے مجھے شراب نہ دے

زاہد خشک کوں شراب نہ دے
آگ دے خار و خس کو آب نہ دے

اپنے ماروں کو مت پریشاں کر
زلف مشکیں کوں پیچ و تاب نہ دے

عاشقوں کوں ہے لذت دشنام
ہر کمینے کوں یہ خطاب نہ دے

کس نے اے بحر حسن تجھ کوں کہا
کہ کسی تشنہ لب کوں آب نہ دے

کام جاہل کا ہے سخن چینی
اے سراجؔ اس کوں تو جواب نہ دے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.