Jump to content

ہم سے جو عہد تھا وہ عہد شکن بھول گیا

From Wikisource
ہم سے جو عہد تھا وہ عہد شکن بھول گیا
by پنڈت جواہر ناتھ ساقی
317229ہم سے جو عہد تھا وہ عہد شکن بھول گیاپنڈت جواہر ناتھ ساقی

ہم سے جو عہد تھا وہ عہد شکن بھول گیا
اپنے عشاق کو وہ غنچہ دہن بھول گیا

قیس کا جلوۂ لیلیٰ جو ہوا ہوش ربا
وہ سراسیمہ ہوا نجد کا بن بھول گیا

کیا کرشمہ یہ تری چشم سخن گو نے کیا
کس کی جانب تھا مرا روئے سخن بھول گیا

خار خار غم الفت نے کیا راہ غلط
تیرا مدہوش نظر راہ چمن بھول گیا

نگہ شوق نے دیوانہ بنایا مجھ کو
کچھ خبر اپنی نہیں ہے ہمہ تن بھول گیا

ہو گیا ہوش ربا حسن فریب عالم
نل جو بازی میں لگا عشق دمن بھول گیا

شوق و رم تیرے جو دیکھے ہیں غزال رعنا
چوکڑی اپنی بیاباں میں ہرن بھول گیا

سیر گلزار میں ہے محو تماشا وہ گل
بلبل شیفتہ کو غنچہ دہن بھول گیا

سبزۂ خط نے ترے راہ میں گھیرا مجھ کو
غرق میں ہو نہ سکا چاہ ذقن بھول گیا

محو ہوتا ہی نہیں اس کا کبھی دل سے خیال
یاد کرتا ہی نہیں مشفق من بھول گیا

شاہد مست نے سرمست کیا ہے ساقیؔ
ہم وہ مدہوش ہوئے رنگ سخن بھول گیا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.