Jump to content

ہو جدا اے چارہ گر ہے مجھ کو آزار فراق

From Wikisource
ہو جدا اے چارہ گر ہے مجھ کو آزار فراق
by قلق میرٹھی
316901ہو جدا اے چارہ گر ہے مجھ کو آزار فراققلق میرٹھی

ہو جدا اے چارہ گر ہے مجھ کو آزار فراق
بے وصال اچھا ہوا بھی کوئی بیمار فراق

شوخیٔ پردہ نشیں کی عشوہ سازی دیکھنا
دل ہے بدمست وصال اور دیدہ بیدار فراق

ایک نالے میں پھرے گا مہر و مہ کو ڈھونڈھتا
اے فلک مت چھیڑ مجھ کو ہوں عزا دار فراق

وصل تھی میری سزا ہجر انتقام غیر تھا
کب ہوا خو کردۂ ہجراں گرفتار فراق

کوئی کرتا ہے خطا اور کوئی پاتا ہے سزا
غیر گستاخ وصال اور میں سزاوار فراق

دم بہ دم بجلی گرے یا نہر خوں جاری رہے
التیام اس سینے کا کیا جو ہے افگار فراق

آنکھ کب لگتی ہے حیلے سے جو تجھ سے لگ گئی
داستان وصل کب سنتا ہے بیدار فراق

دام میں صیاد کے کیوں کہ نہ بلبل مر رہے
دامن ہر برگ گل میں تھا نہاں خار فراق

سو بہار آئے مگر جاتا ہے کوئی داغ دل
لالہ و گل کا نہیں مشتاق خوں بار فراق

اب قلقؔ ٹھوکر سے تیری جی چکا مرنے کے بعد
آشنائے وصل کب ہو ناز بردار فراق


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.