یہ کافر بت جنہیں دعویٰ ہے دنیا میں خدائی کا
یہ کافر بت جنہیں دعویٰ ہے دنیا میں خدائی کا
ملیں محشر میں مجھ عاصی کو صدقہ کبریائی کا
یہ مجھ سے سخت جاں پر شوق خنجر آزمائی کا
خدا حافظ مرے قاتل تری نازک کلائی کا
نہ ہو پہلو میں میرے دل تو کوئی بات کیوں پوچھے
یہی تو اک ذریعہ ہے حسینوں تک رسائی کا
تم اچھے غیر اچھا غیر کی تقدیر بھی اچھی
یہ آخر ذکر کیوں ہے میری قسمت کی برائی کا
وہ کیا سوئیں گے غافل ہو کے شب بھر مرے پہلو میں
انہیں یہ فکر ہے نکلے کوئی پہلو لڑائی کا
ہزاروں دیدہ و دل بام لاکھوں طور سے بڑھ کر
کروڑوں جلوہ گاہیں شوق تو ہو خود نمائی کا
قفس میں اب کہاں وہ انبساط صبح آزادی
چمن تک لطف تھا صیاد میری خوشنوائی کا
اشارے پر ترے چل کر یہ لائے رنگ مشکل ہے
ابھی محتاج ہے خنجر ترے دست حنائی کا
کوئی کیا جائے جنت میں کہ اس نے طول کھینچا ہے
قیامت پر بھی سایہ پڑ گیا روز جدائی کا
وہ دن بھی آئے ہم ہوں اور گلیاں ہوں مدینے کی
گدایانہ صدا ہو ہاتھ میں کاسہ گدائی کا
بنائی کیا بری گت مے کدے میں بادہ نوشوں نے
ریاضؔ آئے تھے کل جامہ پہن کر پارسائی کا
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |